پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد آج سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ہیں، تاہم سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تعلیمی سرگرمیاں فی الحال معطل رہیں گی۔
پنجاب حکومت کے مطابق، جہاں بیشتر علاقوں میں سکول معمول کے مطابق کھول دیے گئے ہیں، وہیں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
متاثرہ اضلاع میں تعلیمی سرگرمیاں معطل چنیوٹ میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 2 ستمبر تک بند رہیں گے۔فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ اور ضلع جھنگ میں 5 ستمبر تک اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ اور پیر محل میں اسکول غیر معینہ مدت تک بند رہیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ طلبہ، اساتذہ اور والدین کی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا ہے، اور صورتحال کا جائزہ روزانہ کی بنیاد پر لیا جا رہا ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا میں بھی تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج سے دوبارہ کھل گئے ہیں، اور تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ صوبائی محکمہ تعلیم کے مطابق تمام اضلاع میں موسم اور حالات معمول پر ہیں، لہٰذا تمام ادارے کھلے رہیں گے۔





