ضلع صوابی میں انسداد پولیو مہم یکم ستمبر 2025 سے 4 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی، جس کے دوران ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کے قیام اور پولیو ٹیموں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، اس دوران ضلع بھر میں ہتھیاروں کی نمائش، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری اور گاڑیوں میں سیاہ شیشے (ٹنٹڈ گلاسز) کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات پولیو ٹیموں کی حفاظت اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے ضروری ہیں۔ تاہم یہ پابندیاں مسلح افواج، ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں، ضلعی انتظامیہ کے افسران، پولیو ٹیموں اور سیکیورٹی گارڈز پر لاگو نہیں ہوں گی، بشرطیکہ وہ متعلقہ اداروں یا افسرانِ بالا کی جانب سے تحریری اجازت نامہ یا خصوصی اجازت کے تحت ڈیوٹی انجام دے رہے ہوں، جیسا کہ پولیو مہم سے متعلق سرکاری SOP میں درج ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی شخص جو ان احکامات کی خلاف ورزی کرے گا، وہ دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان کے تحت قانونی کارروائی اور سزا کا مستحق ہوگا۔
واضح رہے کہ پولیو مہم کے دوران امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنا ضلعی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بلا رکاوٹ پلائے جا سکیں۔





