نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے متعدد اضلاع میں ہلکی سے معتدل بارشیں متوقع ہیں، جبکہ دیر، سوات اور مانسہرہ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح سندھ کے سانگھڑ، گھوٹکی، تھرپارکر اور عمرکوٹ، بلوچستان کے ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی جزوی ابر آلودگی کے باعث بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مری، گلیات اور کشمیر جیسے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں، جب کہ بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے آزاد کشمیر کے وادی نیلم، مظفرآباد، باغ، حویلی اور کوٹلی کے علاقوں میں شدید بارشوں کا خصوصی طور پر انتباہ جاری کیا ہے، جہاں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات زیادہ ہیں۔
این ڈی ایم اے نے ندی نالوں کے قریب رہائش پذیر شہریوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں۔





