موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ! خیبرپختونخوا میں کلائمیٹ ایکشن بورڈ کی تشکیل کا فیصلہ

موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ! خیبرپختونخوا میں کلائمیٹ ایکشن بورڈ کی تشکیل کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور اس حوالے سے مؤثر پالیسی سازی و عملی اقدامات کیلئے ایک خودمختار کلائمیٹ ایکشن بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس ضمن میں قانونی مسودہ صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا تاکہ بورڈ کو قانونی حیثیت دی جا سکے۔

مسودے کے مطابق، یہ بورڈ صوبائی سطح پر قائم ہوگا اور مکمل آزادی و خودمختاری کے ساتھ فیصلے کرنے کا اختیار رکھے گا۔ بورڈ میں 8 انتظامی سیکرٹریز اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے 4 ماہرین شامل ہوں گے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پالیسیاں تیار کرنے، مختلف محکموں کے ساتھ رابطے قائم رکھنے اور تحقیق کے علاوہ بین الاقوامی اداروں سے تعاون بڑھانے کے ذمہ دار ہوں گے۔

مزید برآں، کلائمیٹ ایکشن بورڈ نئے موسمیاتی پالیسی فریم ورک مرتب کرے گا اور کاربن کریڈٹ کے حصول کے لیے اقدامات کرے گا۔ گرین ہاؤس گیسز کی فہرست کی تیاری اور کم کاربن معیشت کو فروغ دینا بھی اس کے اہم مقاصد میں شامل ہیں۔

قانونی مسودے میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ بورڈ ہر چار ماہ بعد اجلاس کرے گا تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے عملی اقدامات اور پالیسیاں کا جائزہ لیا جا سکے اور ضرورت کے مطابق اصلاحات کی جائیں۔

یہ اقدام خیبرپختونخوا حکومت کی ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے عزم کا مظہر ہے، جس سے صوبے میں موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط اور موثر حکمت عملی اپنانے کی توقع ہے۔

Scroll to Top