پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے افغانستان میں حالیہ زلزلے کے متاثرین کے لیے جذبہ خیرسگالی کے تحت ایک اہم قرارداد منظور کر لی، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شدید زخمی افغان شہریوں کو بغیر ویزا پاکستان منتقل کر کے انہیں معیاری علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
یہ قرارداد حکومتی رکن عبیدالرحمان کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی، جس میں افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔
قرارداد میں جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی، جب کہ ایوان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان، بطور ایک برادر اسلامی ہمسایہ ملک، افغان عوام کی مدد کو اپنی انسانی، اسلامی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتا ہے۔
مزید براں، قرارداد میں صوبائی حکومت سے سفارش کی گئی کہ وہ افغانستان کے زخمی متاثرین کو فوری طور پر طبی امدادفراہم کرے، اور ان کی پاکستان منتقلی کے عمل میں ویزے کی شرط عارضی طور پر ختم کی جائے تاکہ قیمتی جانیں بچائی جا سکیں۔
قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں باہمی تعاون سے امدادی ٹیمیں، ادویات اور دیگر طبی سامان فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں بھیجیں۔
ایوان نے عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ افغانستان میں جاری امدادی سرگرمیوں میں موثر اور فوری تعاون فراہم کریں تاکہ متاثرہ خاندانوں کی جلد از جلد بحالی ممکن بنائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : بجلی کے بلوں میں 70 فیصد تک کی چھوٹ ، بڑی خبر آگئی
واضح رہے کہ گزشتہ شب افغانستان میں آنے والے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، اور اب تک 800 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ کئی دیہات ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، جب کہ طبی سہولیات کی شدید قلت ہے۔





