کراچی: سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ آئندہ چھ ماہ کے اندر کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور وہ یا تو مارے جائیں گے یا سرینڈر کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران جب ان سے سیلاب کے باعث کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی صورتحال پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کی درست تعداد معلوم کرنا مشکل ہے کیونکہ وہ رجسٹرڈ نہیں ہوتے، تاہم زیادہ تر جرائم سکھر ڈویژن میں ہوتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ تقریباً 400 کرمنلز ایسے ہیں جو کچے کے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں، اور چاہے وہ کرمنلز ہوں یا عام لوگ، کچے کے رہائشی اپنا گھر نہیں چھوڑتے۔
یہ بھی پڑھیں : یکم ستمبر کو مون سون بارشوں کے نقصانات، این ڈی ایم اے نے تفصیلات جاری کر دیں
ان کا کہنا تھا کہ یہ غلط فہمی ہے کہ سیلاب کی وجہ سے کچے کے ڈاکو بھاگ جائیں گے بلکہ ان کی یقین دہانی تھی کہ آنے والے چھ ماہ میں ڈاکوؤں کا خاتمہ یا تو موت یا گرفتاری کے ذریعے ہوگا۔





