گوگل اسکالر شپ : پاکستانی طلبا کے لئے بڑی خوشخبری

کراچی: سندھ حکومت اور گوگل کے درمیان جدید آئی ٹی تربیت اور ڈیجیٹل صحافت کے فروغ کے لیے اسکالرشپ پروگرام کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں پیپلز آئی ٹی پروگرام (PITP) اور گوگل ڈیجیٹل جرنلزم اسکالرشپ کے معاہدے باقاعدہ طور پر طے پائے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اب تک 4,300 سے زائد نوجوان اس پروگرام کے تحت عالمی معیار کی آئی ٹی مہارتیں حاصل کر کے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات دے رہے ہیں، خاص طور پر خواتین اور دیہی علاقوں کے طلبہ کی بھرپور شرکت اس کامیابی کی علامت ہے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پی آئی ٹی پی کے دوسرے مرحلے کے لیے 140 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جس کے تحت 35,000 طلبہ کو 12 جدید ٹیکنالوجیز کی تربیت دی جائے گی۔ این ای ڈی یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی اور سکھر آئی بی اے اس پروگرام کے اہم تربیتی ادارے ہوں گے، اور میٹرک سے گریجویشن تک کے طلبہ درخواست دے سکیں گے۔

ڈیجیٹل صحافت کے پروگرام پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ سندھ حکومت اور ٹیک ویلی کے اشتراک سے چلایا جا رہا ہے، جس کے دوسرے مرحلے “ڈیجیٹل جرنلزم 2.0” کے تحت ایک ہزار اسکالرشپس صحافیوں، سرکاری ترجمانوں اور میڈیا اسٹڈیز کے طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام معتبر صحافت اور شفافیت کے فروغ میں سنگ میل کا کردار ادا کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں : سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کا خطرہ منڈلانے لگا، الرٹ جاری

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ گوگل کے تعاون سے چلنے والا یہ ڈیجیٹل صحافت پروگرام ملک میں فیک نیوز کے پھیلاؤ کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

Scroll to Top