وفاقی حکومت نے شہریوں کے لیے پاکستان ایکسیلریٹڈ وہیکل الیکٹری فکیشن (PAVE) پروگرام کے تحت ایک نئی سہولت کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سکیم کے ذریعے اب شہری کراؤن الیکٹرک موٹر سائیکلیں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سبسڈی اور آسان اقساط پر حاصل کر سکیں گے۔
حکومت کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ کراؤن الیکٹرک بائیک پر 50 ہزار روپے کی مالی معاونت دی جائے گی، جبکہ اقساط کی ادائیگی بغیر کسی اضافی سود کے ہوگی۔
مزید یہ کہ درخواست گزاروں سے کوئی پروسیسنگ فیس بھی وصول نہیں کی جائے گی،جس کی وجہ سے یہ سکیم عام عوام کے لیے زیادہ پرکشش ثابت ہو گی۔
یہ سکیم پاکستان کے تمام شہریوں کے لیے دستیاب ہے جن کی عمر 18 سے 65 سال کے درمیان ہو۔
اس کے علاوہ حکومت نے خواتین، معذور افراد اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترجیح دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس کا مقصد ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے ساتھ ساتھ بڑھتے ہوئے ایندھن کے اخراجات کو کم کرنا ہے۔
درخواست دینے کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہوگا اور شہری سرکاری ویب سائٹ [www.pave.gov.pk](http://www.pave.gov.pk) پر جا کر فارم جمع کروا سکتے ہیں۔
تمام درخواستیں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کی جائیں گی تاکہ عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
کراؤن الیکٹرک موبیلٹی ملک کی معروف کمپنی ہے جو الیکٹرک گاڑیاں تیار کرتی ہے اور یہ سکیم حکومت کے تعاون سے چلائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : علیمہ خان پر انڈہ پھینکنے والی خواتین کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے، صحافی شیراز احمد شیرازی کا انکشاف
شہریوں کا کہنا ہے کہ سبسڈی اور آسان اقساط کی سہولت سے الیکٹرک بائیکس عام آدمی کی پہنچ میں آ گئی ہیں، جو نہ صرف ماحول کی حفاظت کے لیے بہتر ہے بلکہ اقتصادی طور پر بھی فائدہ مند ہے۔





