شارجہ میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے دی، اس فتح کے ساتھ پاکستان نے سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ اوپنرز میں صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب نے 17 رنز بنائے۔
فخر زمان نے 27 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد حسن نواز 15 اور محمد حارث 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، مجموعی طور پر پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 141 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
جواب میں افغان ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی اور پاکستانی باؤلرز نے انہیں سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا، راشد خان 17 رنز، نور احمد 3 رنز جبکہ کریم جنت بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریزکا فائنل معرکہ، پاکستان کا افغانستان کو جیت کیلئے 142رنز کا ہدف
افغان ٹیم کے نو کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے اور پوری ٹیم صرف 66 رنز پر ڈھیر ہو گئی،پاکستان نے 75 رنز کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کی۔





