غریب عوام کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا، آٹا مزید مہنگا ہوگیا

پشاور میں آٹے کی مہنگائی نے شہریوں کا صبر آزما دیا

پشاور (پختون ڈیجیٹل) صوبائی دارالحکومت پشاور میں مہنگائی نے ایک بار پھر عوام کی کمر توڑ دی، جہاں 20 کلو فائن آٹے کا تھیلا 2750 روپے تک جا پہنچا۔

صرف ایک دن میں 150 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق فائن آٹے کی قیمت میں 150 روپے اور مکس آٹے کی قیمت میں 100 روپے فی تھیلا اضافہ کیا گیا ہے۔

اس اضافے کے بعد 20 کلو فائن آٹے کا تھیلا 2600 روپے سے بڑھ کر 2750 روپے، جبکہ مکس آٹے کا تھیلا 2500 سے بڑھ کر 2600 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

ڈیلرز کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ گندم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ملز کو درپیش لاگت میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے۔

تاہم عام شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس طوفان میں حکومت کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔

یہ بھی پرھیں  : غریب عوام کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا، آٹا مزید مہنگا ہوگیا

ادارہ شماریات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قومی اوسط قیمت 2500 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

تاہم پشاور اور بنوں وہ شہر ہیں جہاں شہری سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرے تاکہ عام آدمی کی زندگی مزید مشکلات کا شکار نہ ہو۔

Scroll to Top