چارسدہ: خیبرپختونخوا میں سیلابی صورتحال کے بعد ضلع چارسدہ میں ڈینگی کے کیسز تیزی سے بڑھنے لگے ہیں اور تقریباً ہر گھر اس وبائی مرض سے متاثر ہو رہا ہے۔
اس کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں ڈینگی مہم کو تیز کر دیا گیا ہے تاکہ اس مرض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود نے ضلع چارسدہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈی سی چارسدہ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر اور ڈی ایچ او ڈاکٹر واسع اللہ سے صورتحال پر بریفنگ حاصل کی۔
کمشنر نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی کے خلاف جاری اقدامات میں مزید تیزی لائیں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی تاکید کی۔
ریاض محسود نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ مائیکرو پلان کے تحت گھر گھر سپرے اور حفاظتی اقدامات کر رہی ہے اور حفاظتی ادویات کی تقسیم بھی کی جائے گی۔ ٹی ایم اے چارسدہ کو فنڈز اور عملے کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: معروف ٹک ٹوکر علیشا 007 فحش مواد پھیلانے کے الزام میں گرفتار
کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ڈینگی وارڈ کا بھی دورہ کیا اور اس موقع پر کہا کہ ایک ہفتے میں ڈینگی کو قابو کر لیا جائے گا۔ انہوں نے رجڑ، امیر آباد اور ایم سی ون کے علاقوں کا بھی موقع پر جائزہ لیا۔
دورے کے دوران محمد زئی یونین آف جرنلسٹس کے صحافیوں نے ہسپتال میں ایم آر آئی، سی ٹی سکین اور ماہر ڈاکٹرز کی فراہمی کا مطالبہ کیا، جس پر کمشنر نے وزیر اعلیٰ سے اس حوالے سے بات کرنے کا وعدہ کیا۔





