مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر دریاؤں اور آبی گزرگاہوں کا تحفظ انتہائی ضروری ہو چکا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق اپنے ایک اہم بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ دریاؤں کے کناروں پر قائم تجاوزات انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن چکی ہیں، جن کیخلاف بلا امتیاز اور بلاتاخیر آپریشن جاری ہے۔
مشیر اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ بغیر کسی دباؤ کے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ’’کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ حالیہ سیلابوں میں ہونے والے نقصانات کی بڑی وجہ دریاؤں کے اطراف ناجائز تعمیرات تھیں۔‘‘
بیرسٹر سیف نے بتایا کہ حکومت خیبرپختونخوا ریور پروٹیکشن ایکٹ میں اہم ترامیم پر غور کر رہی ہے تاکہ دریاؤں کو مستقبل میں سیلابی خطرات سے بچایا جا سکے اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ’’ہم دریاؤں کو محض پانی کی گزرگاہ نہیں بلکہ ماحولیاتی نظام کا ایک لازمی حصہ سمجھتے ہیں، اور ان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔‘‘
صوبائی حکومت کی جانب سے عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ تجاوزات کے خاتمے میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں تاکہ مستقبل میں سیلاب، جانی و مالی نقصانات اور ماحولیاتی تباہی سے بچا جا سکے۔





