اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف نیب، ایف آئی اے اور پولیس میں درج تمام مقدمات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
جسٹس محمد اعظم خان نے عمران خان کی جانب سے دائر اس درخواست پر سماعت کی جس میں انہوں نے نیب، پولیس اور ایف آئی اے کی کارروائیوں کو روکنے کی استدعا کی تھی۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سلمان صفدر، ان کی بہنیں اور نیب حکام عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت، وکیل صفائی نے لارجر بینچ تشکیل دینے کی درخواست کی، تاہم نیب حکام نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ درخواست میں ایسی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں جس پر لارجر بینچ بنایا جائے۔
نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت سے وقت مانگا تاکہ عمران خان کے خلاف زیرِ التواء مقدمات کی تفصیلات پیش کی جا سکیں۔ وکیلِ صفائی نے بھی فریقین کو سات روز کا وقت دینے کی استدعا کی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد نیب، ایف آئی اے اور پولیس کو ہدایت جاری کی کہ وہ عمران خان کے خلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کریں۔





