ملک میں 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، ادارہ شماریات کی رپورٹ جاری

پاکستان میں گزشتہ کئی ہفتوں سے مہنگائی میں مسلسل اضافے کے بعد حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق، مہنگائی کی شرح میں 0.2 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر یہ شرح 5.03 فیصد رہی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جن میں پیاز، ٹماٹر، آلو، چاول، انڈے اور چینی شامل ہیں۔ اس کے مقابلے میں چار اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 25 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

خصوصی طور پر دال مونگ، ماش، ایل پی جی، لکڑی اور کپڑے مہنگے ہوئے ہیں۔ پیاز کی قیمت میں 12.17 فیصد اور ٹماٹر کی قیمت میں 10.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آلو 3.57 فیصد، چاول 1.63 فیصد اور انڈوں کی قیمتوں میں 1.52 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں 90 فیصد، چینی میں 29 فیصد اور آٹے میں 18.65 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔

اسی دوران، آٹے کی قیمت میں 9.80 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 3.20 فیصد کمی ہوئی ہے۔

مہنگائی کے اثرات مختلف آمدنی والے طبقات پر بھی مختلف ہیں۔ ماہانہ 17 ہزار 732 روپے تک آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگائی میں 0.10 فیصد کمی کے ساتھ اضافہ 4.89 فیصد رہا۔ جبکہ 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے تک آمدنی رکھنے والوں کے لیے یہ شرح 0.13 فیصد کمی کے بعد 5.23 فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی انجینئرز کےلئے خوشخبری، چینی کمپنیوں کیساتھ معاہدہ طے

22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے میں مہنگائی کی شرح 0.11 فیصد کمی کے ساتھ 5.85 فیصد، اور 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے کے لیے بھی 0.09 فیصد کمی کے ساتھ 5.85 فیصد رہی۔ 44 ہزار 176 روپے سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی میں 0.06 فیصد کمی کے ساتھ اضافہ 5.15 فیصد رہا۔

Scroll to Top