سوات کی تاریخ میں چوری کی بڑی واردات

شہزاد نوید

سوات کے علاقے تندو ڈاگ میں پولیس وردی میں ملبوس ڈکیتوں نے تاجر سے 230 تولے سونا (اینٹیں)، 53 لاکھ 60 ہزار روپے نقدی، اسلحہ، اے ٹی ایمز اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔

واردات کے بعد متاثرہ افراد کو ہاتھ باندھ کر جمال گھڑی (کاٹلنگ، مردان) میں چھوڑ دیا گیا۔

متاثرہ تاجر افتخار خان ولد ارسلا خان کی مدعیت میں تھانہ رحیم آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ تاجروں نے ہم 2006 سے سونے کا کاروبار کر رہے ہیں اور مینگورہ کے صرافہ بازار میں ’ضیاء جیولرز‘ کے نام سے دوکان چلا رہے ہیں۔ جمعرات کی رات دوکان بند کرنے کے بعد ہم چھ افراد سونا اور نقدی لے کر اپنے گاؤں مانیار گھر جا رہے تھے کہ راستے میں ہمیں پولیس وردی میں ملبوس افراد نے روک کر بتایا کہ آپ کو تھانہ غالیگے انکوائری کے لیے لے جا رہے ہیں۔ ملزمان ایک سیاہ ڈبل کیبن ویگو گاڑی میں سوار تھے۔ ایک شخص سادہ کپڑوں میں تھا جو متاثرہ تاجروں کے ساتھ بیٹھ گیا۔

متاثرین کے مطابق غالیگے چیک پوسٹ کے آگے ہمیں ہتھکڑیاں لگا دی گئیں اور بعد ازاں ہمیں اسلحے کے زور پر مردان لے جایا گیا، جہاں تمام سونا، نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء چھین لی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، ادارہ شماریات کی رپورٹ جاری

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

Scroll to Top