پاکستان کا عمان کو جیت کے لئے آسان ہدف

دبئی: ایشیا کپ 2025 کے چوتھے میچ میں پاکستان نے عمان کو 161 رنز کا ہدف دیدیا۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔

بیٹنگ کا آغاز پاکستان کے لیے مایوس کن رہا جب اوپنر صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تاہم وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا دیا۔ صاحبزادہ فرحان 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ فخر زمان 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

دیگر بلے بازوں میں کپتان سلمان علی آغا اور حسن نواز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، بالترتیب صفر اور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آل راؤنڈر محمد نواز نے 19 رنز جوڑے۔

عمان کی جانب سے عامر کلیم اور شاہ فیصل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

قبل ازیں، ٹاس جیت کر پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وکٹ بلے بازوں کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اور ٹیم بڑا مجموعہ ترتیب دے کر عمان پر دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی اختیار کرے گی۔

پاکستان کی فائنل الیون میں شامل کھلاڑیوں میں صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث، سلمان علی آغا، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور ابرار احمد شامل ہیں۔

دوسری جانب عمان کے کپتان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ کو ہی ترجیح دیتے،ایشیا کپ میں شرکت عمان کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے ہانگ کانگ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

میچ سے قبل پاکستانی ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پچ کا جائزہ لیا اور پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ دبئی کی وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے اور قومی ٹیم کے پاس ملٹی اسکلز کھلاڑیوں کی موجودگی اسے برتری دے سکتی ہے۔

Scroll to Top