پی آئی اے کا کینیڈا کے لیے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل، ترجمان نے وضاحت کر دی

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے کینیڈا کے لیے اپنا فضائی آپریشن رواں ماہ کے دوران عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام بوئنگ 777 لانگ رینج طیاروں کی ضروری میٹیننس کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے بحر الکاہل کو پار کرنے والی پروازوں کے لیے خصوصی بوئنگ 777 ایل آر (Long Range) طیارے استعمال کرتی ہے، جو 17 گھنٹے تک بغیر رکے مسلسل پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دونوں طیاروں کو تکنیکی معائنے اور پرزہ جات کی تبدیلی کے مرحلے سے گزارا جا رہا ہے، جو کہ طیاروں کی طویل مدتی حفاظت اور کارکردگی کے لیے ہر دس سال بعد لازمی ہوتا ہے۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ مستقبل میں مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور اکتوبر میں ممکنہ رش سے پہلے طیاروں کو مکمل طور پر تیار کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پاسپورٹ کی بندش کے معاملے پر عدالت جائیں گے، شیخ وقاص

پی آئی اے چاہتی ہے کہ تمام طیارے مکمل فٹنس کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں تاکہ بین الاقوامی آپریشن بغیر کسی تکنیکی رکاوٹ کے جاری رکھا جا سکے۔

پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ ایئرلائن اپنے مسافروں کو پیش آنے والی ممکنہ زحمت پر معذرت خواہ ہے، تاہم ادارے کے نزدیک مسافروں کی سلامتی اور طیاروں کی مکمل فٹنس اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ اس معطلی کے باعث پاکستان سے کینیڈا جانے والے کئی مسافروں کی پروازیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں کو متبادل انتظامات کے لیے کسٹمر سروس سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top