اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اپنے پاسپورٹ کی بندش کے معاملے پر جلد عدالت سے رجوع کریں گے۔
ایک بیان میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے خلاف بے شمار مقدمات درج کیے گئے ہیں، اس کے باوجود وہ بھرپور انداز میں صوبے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کے دیگر عوامی نمائندوں کو پہلے ہی عدالتوں سے ریلیف مل چکا ہے، اور اب علی امین گنڈاپور بھی اپنے آئینی و قانونی حق کے لیے عدالتی راستہ اختیار کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سیاسی رہنماؤں پر دباؤ ڈالنے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں، لیکن ان تمام رکاوٹوں کا مقابلہ صرف قانونی طریقے سے کیا جائے گا۔
پنجاب کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ صوبے میں سیلاب کی وجہ سے الیکشن کا عمل متاثر ہوا ہے، تاہم جمہوری سرگرمیوں کو مکمل طور پر معطل نہیں کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی وکلاء کو حفاظتی ضمانت دے دی
انہوں نے زور دیا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اہم ترین ترجیح ہونی چاہیے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ جمہوری تسلسل بھی برقرار رکھنا لازم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں عدالتوں کا کردار نہایت اہم ہے تاکہ عوامی نمائندوں کو انصاف مل سکے اور سیاسی عمل کسی تعطل کے بغیر جاری رہ سکے۔





