اخونزادہ فضل حق
مردان : مردان میں ایک ہسپتال کی لیبر روم میں دورانِ زچگی نومولود بچے کی موت کا واقعہ پیش آیا جس کا ہسپتال انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق ایک مریضہ کو زچگی کے لیے ہسپتال لایا گیا جہاں الٹراساؤنڈ میں بچے کی بریچ پوزیشن کی تشخیص ہوئی۔
بریچ پوزیشن میں بچے کے پیر سر کی جگہ نیچے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے دورانِ زچگی پیچیدگیاں اور آکسیجن کی بندش کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ مریضہ اور اس کے تیمارداروں کو اس صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے آپریشن کے ذریعے بچے کی پیدائش کا مشورہ دیا لیکن مریضہ اور تیمارداروں نے آپریشن سے انکار کر کے نارمل ڈلیوری پر زور دیا۔ اس ضمن میں مریضہ سے اپنی ذمہ داری پر نارمل ڈلیوری کرنے کا بیان اور کنسنٹ فارم پر دستخط لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : یونیورسٹی آف پشاور میں امن کی فضا، دو ہفتوں کی تربیت نے نئی امید جگائی
دورانِ زچگی بچے کی موت واقع ہوئی جس پر تیمارداروں نے ڈاکٹروں پر غفلت کا الزام عائد کیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی کوتاہی سامنے آئی تو متعلقہ طبی عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
ہسپتال انتظامیہ نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔





