دبئی : ایشیا کپ کے گروپ اے میں شریک چاروں ٹیموں نے اپنا ایک میچ مکمل کر لیا ہے، جس میں بھارت اور پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ عمان اور متحدہ عرب امارات کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پوائنٹس ٹیبل پر بھارت نیٹ رن ریٹ 10.483 کے ساتھ پہلے اور پاکستان 4.650 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
گروپ اے کا سب سے اہم میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، جسے ممکنہ طور پر گروپ سے اگلے راؤنڈ کے لیے فیصلہ کن سمجھا جا رہا ہے۔
پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی مانگ غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہے، اور تقریباً 90 فیصد ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔ جنرل انکلوژر کے ٹکٹس تقریباً ختم ہو چکے ہیں جبکہ باقی نشستیں بھی تیزی سے بک ہو رہی ہیں۔
ٹکٹس کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں، جہاں کم از کم قیمت 750 درہم (تقریباً 57 ہزار پاکستانی روپے) اور پریمیئم نشستیں 3500 درہم (تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے) تک پہنچ گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایشیاکپ:پاکستان نے عمان کو شکست دیدی
دبئی پولیس اور منتظمین نے میچ کے دوران رش کو قابو میں رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ شائقین کی سہولت کے لیے نئی آن لائن ٹکٹ ونڈو بھی کھول دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی نشستیں آسانی سے حاصل کر سکیں۔
یہ ہائی وولٹیج مقابلہ ایشیا کپ کے سب سے بڑے ایونٹس میں سے ایک تصور کیا جا رہا ہے، جس کے لیے دنیا بھر سے کرکٹ کے شائقین کی نظریں مرکوز ہیں۔





