عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا ایک بار پھر آمنے سامنے

ٹوکیو: پاکستان کے ارشد ندیم اور بھارت کے نیرج چوپڑا ایک بار پھر عالمی اسٹیج پر آمنے سامنے ہوں گے، جہاں دونوں اسٹار ایتھلیٹس عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولین تھرو کے طلائی تمغے کے لیے نبرد آزما ہوں گے۔

یہ سنسنی خیز مقابلہ 18 ستمبر کو ٹوکیو میں شیڈول ہے، جس پر شائقین کی نظریں جم گئی ہیں۔

نیرج چوپڑا، جو ٹوکیو اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ہیں، اس وقت زبردست فارم میں ہیں اور انہوں نے حالیہ دنوں میں دوحہ میں 90.23 میٹر کی تھرو کر کے اپنی تیاری کا ثبوت دیا ہے۔

دوسری جانب ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں 92.97 میٹر کا تاریخی تھرو کر کے عالمی سطح پر اپنی موجودگی منوائی۔ تاہم انجری کے باعث وہ کچھ عرصے کے لیے کھیل سے دور رہے، لیکن جولائی میں کامیاب سرجری کے بعد انہوں نے بھرپور واپسی کی تیاری شروع کر دی ہے۔

دونوں کھلاڑی ماضی میں ایک دوسرے کے مداح رہے ہیں۔ نیرج کی کامیابی پر ارشد کی والدہ نے خوشی کا اظہار کیا تھا، جب کہ نیرج کی والدہ نے ارشد کو اپنا بیٹا قرار دیا تھا۔ تاہم حالیہ سیاسی کشیدگی کے بعد دونوں کے تعلقات میں سرد مہری دیکھی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ: پاکستان اور بھارت کے مقابلے کے لیے دبئی میں ٹکٹس کی مانگ بڑھ گئی

مئی 2025 میں پاک بھارت سرحدی جھڑپوں کے بعد دونوں ایتھلیٹس نے ایک دوسرے سے فاصلہ اختیار کر لیا۔ نیرج نے حالیہ بیان میں واضح کیا ہم کبھی قریبی دوست نہیں تھے، بس ایک دوسرے کی کارکردگی کا احترام کرتے ہیں۔

جبکہ ارشد ندیم نے بھی محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں، بس یہی تعلق ہے۔

شائقین دونوں طرف شدت سے اس مقابلے کے منتظر ہیں۔ سوشل میڈیا پر ارشد بمقابلہ نیرج ایک بار پھر ٹرینڈنگ میں ہے، جہاں لوگ نہ صرف اپنے اپنے کھلاڑی کی حمایت کر رہے ہیں بلکہ امن اور اسپورٹس مین شپ کی امید بھی ظاہر کر رہے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ 18 ستمبر کو ٹوکیو کے میدان میں نیزا کس کا بلند ہوتا ہےارشد کا یا نیرج کا۔

Scroll to Top