خیبرپختونخوا کا جذبۂ انسانیت! افغانستان و وسطی ایشیا کے مریضوں کیلئے فوری ویزا اسکیم تیار

خیبرپختونخوا کا جذبۂ انسانیت! افغانستان و وسطی ایشیا کے مریضوں کیلئے فوری ویزا اسکیم تیار

خیبرپختونخوا حکومت نے میڈیکل ٹورازم کو فروغ دینے اور خطے میں انسانی خدمت کی نئی مثال قائم کرنے کے لیے افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک سے آنے والے مریضوں کو فوری ویزا جاری کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

اس مقصد کے لیے طورخم سرحد پر خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں مریضوں کو نہ صرف رہنمائی فراہم کی جائے گی بلکہ ویزا کے فوری اجرا کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ منصوبے کا مقصد نہ صرف انسانیت کی خدمت ہے بلکہ خیبرپختونخوا کی معیشت کو میڈیکل ٹورازم کے ذریعے مستحکم کرنا بھی ہے۔

صوبائی محکمہ سیاحت کے مطابق ہر سال بڑی تعداد میں مریض افغانستان اور وسطی ایشیا سے خیبرپختونخوا آتے ہیں، جہاں انہیں علاج کی معیاری سہولیات دستیاب ہیں۔ حکومت ان غیر ملکی مریضوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے

اس سلسلے میں حال ہی میں محکمہ سیاحت، صحت اور ثقافت کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان اور سیکرٹری سیاحت و ثقافت ڈاکٹر عبدالصمد نے شرکت کی۔ اجلاس میں میڈیکل ٹورازم کو فروغ دینے کے لیے فوری اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وژن کے تحت حکومت نہ صرف میڈیکل ٹورازم کو ترقی دینا چاہتی ہے بلکہ صوبے کو صحت کے شعبے میں خطے کا ایک مرکز بنانے کی بھی خواہش رکھتی ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا میں طبی مہارت، کم لاگت علاج، اور قدرتی ماحول وہ عناصر ہیں جو عالمی مریضوں کو صوبے کی طرف راغب کر سکتے ہیں۔

حکومت کے اس انقلابی اقدام کو ماہرین انسانی ہمدردی اور معاشی ترقی کی بہترین مثال قرار دے رہے ہیں۔

Scroll to Top