ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز مقابلہ کل 14 ستمبر بروز اتوار دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ میچ نہ صرف ٹورنامنٹ کے پوائنٹس بلکہ دونوں ممالک کے تاریخی اور جذباتی پس منظر کے لحاظ سے بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
سیاسی کشیدگی کے باعث اس بار نیوٹرل وینیو یعنی دبئی میں میچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں لاکھوں شائقین کی نظریں نئی قیادت اور ابھرتے ستاروں پر مرکوز ہوں گی۔ بھارت کی قیادت سوریا کمار یادیو سنبھال رہے ہیں جبکہ پاکستان کی کپتانی سلمان آغا کے پاس ہے۔
شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، ہاردک پانڈیا اور فخر زمان جیسے اسٹار کھلاڑی میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے پاس نوجوان اور پاور ہٹرز موجود ہیں جو میچ کو سنسنی خیز بنا سکتے ہیں۔
سپر فور اور ممکنہ فائنل میں بھی پاک بھارت ٹکراؤ کا امکان موجود ہے، جس نے اس مقابلے کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔ کرکٹ کے میدان میں ایک اور جذباتی دن، کل دبئی میں کروڑوں دلوں کی دھڑکن بننے کو تیار ہے۔





