آذربائیجان کا وزٹ ویزا، فیس اور اہم تفصیلات جانیے

آذربائیجان نے پاکستانی شہریوں کے لیے ای ویزا کی سہولت آسان اور سستی کر دی ہے جس کے ذریعے وہ نہ صرف تاریخی و ثقافتی ورثے سے بھرپور اس ملک کی سیر کر سکتے ہیں بلکہ بہترین موسم سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

بحیرہ کیسپین اور کوہ قفقاز جیسے قدرتی مناظر سے گھرا آذربائیجان ان سیاحوں کے لیے ایک مثالی منزل ہے جو تاریخ، فطرت اور جدید طرز زندگی کا امتزاج ایک ہی جگہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ دارالحکومت باکو میں جدید عمارتوں اور قدیم شہر (ایچری شہر) کا حسین امتزاج موجود ہے۔ یہاں فلیم ٹاورز اور یونیسکو کی فہرست میں شامل مقامات سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق آذربائیجان کی سیاحت کے لیے مئی سے ستمبر تک کا وقت سب سے موزوں مانا جاتا ہے۔ خاص طور پر ستمبر کا مہینہ، جب موسم نہ زیادہ گرم ہوتا ہے نہ ہی بہت سرد، ایک خوشگوار حد میں ہوتا ہے۔ درختوں پر خزاں کے رنگ جھلکنے لگتے ہیں، اور دیہی علاقوں میں مختلف تہوار بھی منعقد ہوتے ہیں، جو مقامی ثقافت کو قریب سے جاننے کا نادر موقع فراہم کرتے ہیں۔

جہاں تک ویزے کی بات ہے، پاکستانی شہری اب آسانی سے آن لائن ASAN ویزا پورٹل کے ذریعے ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔ سنگل انٹری وزٹ ویزا کی فیس 20 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے، جبکہ پروسیسنگ چارجز کے طور پر مزید 5 ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔ اس ویزے کے لیے درخواست پر 3 سے 5 دن میں فیصلہ آ جاتا ہے۔

اگر فوری سفر درکار ہو تو آذربائیجان نے ارجنٹ ویزا کی سہولت بھی فراہم کر رکھی ہے، جس کی فیس 50 ڈالر ہے، اور یہ صرف 3 سے 5 گھنٹوں میں جاری کیا جا سکتا ہے۔ یہ ویزا 90 دن کے لیے کارآمد ہوتا ہے، جس کے تحت سیاح ملک میں 30 دن تک قیام کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور،صدر بازار میں عمارت گر گئی،امدادی کاروائیاں جاری

ویزے کے لیے درخواست دینے کے خواہشمند افراد [https://evisa.gov.az/en](https://evisa.gov.az/en) پر جا کر تین آسان مراحل میں اپنی درخواست مکمل کر سکتے ہیں۔ ویزا ملنے کے بعد سیر و تفریح، تاریخی مقامات کا دورہ، اور مقامی خوراکوں کا لطف لینا باآسانی ممکن ہے۔

Scroll to Top