وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں سیلاب کی سنگین صورت حال کے پیش نظر متاثرہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے بجلی کے اگست 2025 کے بلوں کی وصولی فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق لاہور میں سیلاب زدہ علاقوں کے بجلی بلوں سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس کی صدارت وزیراعظم نے خود کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیاں متاثرہ علاقوں میں اگست کے بلوں کی وصولی روک دیں گی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ جن صارفین سے یہ بل پہلے ہی وصول کیے جا چکے ہیں، انہیں آئندہ ماہ کے بل میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے پا جانے کے بعد بجلی بلوں کے حوالے سے متاثرہ علاقوں کے لیے مکمل ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : آذربائیجان کا وزٹ ویزا، فیس اور اہم تفصیلات جانیے
انہوں نے کہا کہ سیلاب نے ملک بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے اور حکومت ان کے دکھوں پر مرہم رکھنے کے لیے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے یہ بھی باور کرایا کہ وفاقی اور صوبائی ادارے ریسکیو اور بحالی کے لیے مسلسل سرگرم ہیں اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک متاثرہ افراد اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹ جاتے۔





