خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 15 سے 19 ستمبر کے درمیان وقفے وقفے سے بارشوں، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اس سلسلے میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 16 سے 19 ستمبر تک دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ بارشیں متوقع ہیں۔
مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک، شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت دیگر اضلاع میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
18 اور 19 ستمبر کو شدید بارشوں کے باعث دیر، چترال، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان کے مقامی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، چترال، دیر، خیبر، کوہستان، کولائی پالس، کرم، ملاکنڈ، مانسہرہ، مہمند، اورکزئی، شانگلہ، سوات، تورغر اور شمالی وزیرستان کے حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خطرات کا بھی انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس ضمن میں تمام ضلعی انتظامیہ کو نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
کاشتکاروں اور مال مویشی پالوں کو اپنی فصلوں اور جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں ، سیاحوں سے انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ وہ خطرناک اور حساس علاقوں کا دورہ کرنے سے گریز کریں۔