کرکٹ کی دنیا کا بڑا ٹاکرا، پاکستان کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا اور سنسنی خیز مقابلہ آج دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

روشنیوں سے جگمگاتے دبئی سٹیڈیم میں دنیا بھر کی نظریں اس تاریخی مقابلے پر مرکوز ہیں جہاں ہر گیند، ہر رن اور ہر لمحہ نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے، کرکٹ شائقین کا جوش عروج پر ہے اور اس میچ کو “کرکٹ کی جنگ” قرار دیا جا رہا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وننگ سکواڈ کے ساتھ میدان میں اُترے ہیں اور ان کا مقصد ہے کہ پہلے بیٹنگ کر کے اسکور بورڈ پر بڑا ہدف سیٹ کیا جائے تاکہ بھارتی ٹیم کو دباؤ میں لایا جا سکے، اُن کا کہنا تھا ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور بھارت کے خلاف میچ کے لیے بھرپور جوش و ولولے کے ساتھ تیار ہیں۔

بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے ٹاس ہارنے پر کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے، بھارتی ٹیم بھی آج کے مقابلے کے لیے بغیر کسی تبدیلی کے میدان میں اُتری ہے۔

یہ میچ صرف روایتی حریفوں کا ٹاکرا نہیں بلکہ حالیہ سیاسی پس منظر میں ایک خاص اہمیت اختیار کر چکا ہے۔

مئی 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان مختصر مسلح جھڑپ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب دونوں ٹیمیں کسی بھی میدان اور خاص طور پر کرکٹ میں آمنے سامنے آ رہی ہیں۔

پاکستان کی پلئینگ الیون میں سلمان علی آغا (کپتان)، صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث، فخر زمان، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور ابرار احمد شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025، پاک بھارت ٹاکرے میں پلڑا کس کا بھاری؟

دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی میچز میں فتح حاصل کر چکی ہیں اور دو، دو پوائنٹس کے ساتھ میدان میں اُتری ہیں، آج کی فتح گروپ میں برتری کے ساتھ ساتھ ایک نفسیاتی سبقت بھی فراہم کرے گی۔

Scroll to Top