محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے غیر ملکی منصوبے میں بڑے فراڈ کا انکشاف

خیبرپختونخوا میں محکمہ تعلیم کے ایک اہم غیر ملکی امدادی منصوبے ہیومن کیپٹل انوسمنٹ پراجیکٹ میں کروڑوں روپے کی مبینہ غیر قانونی طریقے سے نکالنے کا انکشاف ہوا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق 25 جون کو منجمد ہونے والے بینک اکاؤنٹ سے 3 جولائی کو جعلی چیکس کے ذریعے 106 ملین روپے نکال لیے گئے۔

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا کے حکام نے بینک انتظامیہ کو ایک باضابطہ خط ارسال کیا ہے جس میں واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ جن چیکس کے ذریعے رقم نکالی گئی وہ جعلی ثابت ہوئے ہیں۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر آصف شہاب کے مطابق نیشنل بینک کے اعلیٰ حکام کو بھی اس حوالے سے مطلع کر دیا گیا ہے اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے، ان کا کہنا تھا کہ تمام اکاؤنٹس کا جائزہ لے لیا گیا ہے فی الحال صرف اسی ایک اکاؤنٹ میں فراڈ کی نشاندہی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

آصف شہاب نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ صوبے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اس لیے کسی کے ملوث ہونے سے متعلق حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

Scroll to Top