دبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے 128 رنز کا ہدف دے دیا، قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنا سکی۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوا، پاک بھارت ٹاکرے میں ایک بار پھر قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اننگز کے آغاز پر ہی پاکستان کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور صرف 6 رنز پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا، صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے، محض تین کے مجموعی سکور پر ہاردک پانڈیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اگلے ہی اوور میں محمد حارث بھی ہاردک پانڈیا کا شکار بنے، دو اوورز کے اختتام پر پاکستان کا اسکور 7 رنز پر دو وکٹوں کے نقصان پر تھا۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 45 کے اسکور پر گری جب فخر زمان 17 رنز بنا کر اکشر پٹیل کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے، چوتھی وکٹ 49 رنز پر گری جب کپتان سلمان علی آغا صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
نئے آنے والے بلے باز حسن نواز بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور صرف 7 گیندوں پر 5 رنز بنا کر کلدیپ یادو کا شکار بنے، جبکہ محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی پانچویں اور چھٹی وکٹ 64 رنز پر گریں، ساتواں کھلاڑی 83 رنز پر، آٹھواں 97 پر اور نواں کھلاڑی 111 رنز پر آؤٹ ہوا، تاہم شاہین شاہ آفریدی نے آخری اوورز میں 4 چھکوں کی مدد سے 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعی سکور 127 تک پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025، پاک بھارت ٹاکرے میں پلڑا کس کا بھاری؟
پاکستان کی ٹیم میں کپتان سلمان علی آغا، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، محمد حارث، حسن نواز، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور ابرار احمد شامل ہیں۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم سوریا کمار یادو کی قیادت میں میدان میں ہے جس میں ابھیشیک شرما، شبمن گل، تلک ورما، سنجو سمن، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، ورون چکرورتھی اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔





