دوحہ میں منعقدہ عرب و اسلامی وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں قطر کے وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ، شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے اسرائیلی جارحیت پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
شیخ محمد بن عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے زبردستی نکالنے کی اسرائیلی کوششیں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی ناقابلِ قبول ہے اب وقت آ چکا ہے کہ دنیا دہرا معیار ترک کرے اور ظالم کو جوابدہ ٹھہرائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت مسلسل جنگ بندی کی تجاویز کو مسترد کر کے نہ صرف خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہی ہے بلکہ جنگ کے شعلوں کو اردگرد کے ممالک تک پھیلانے کی مذموم کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
قطری وزیرِ اعظم نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اسرائیل کی یہ کارروائیاں قطر کی ثالثی کی کوششوں کو نہ ماند کر سکتی ہیں نہ ہی روک سکتی ہیں، ہم غزہ میں جنگ بندی اور انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا اسرائیل کے قطر پر حملے سے خوش نہیں تھا، مارکو روبیو
عرب وزرائے خارجہ نے بھی اس موقع پر قطر کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے اسرائیلی بربریت کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔