ایشیا کپ کا چھٹا میچ، بھارت نے پاکستان کو7 وکٹوں سے شکست دے دی

دبئی میں ایشیا کپ کے چھٹے اور اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی، بھارت نے 128 رنز کا ہدف صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور میں بآسانی حاصل کر لیا۔

بھارت کی جانب سے سوریا کمار یادو 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، ابھیشیک شرما اور تلک ورما نے بالترتیب 31، 31 رنز کی مفید اننگز کھیلیں۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے، روایتی حریف کے خلاف ایک بار پھر پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی، اننگز کے آغاز پر ہی ٹاپ آرڈر لڑکھڑا گیا اور صرف 6 رنز پر دو کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا، صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے ہاردک پانڈیا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، اگلے ہی اوور میں محمد حارث بھی ہاردک کا شکار بنے اور دو اوورز کے اختتام پر پاکستان کا اسکور 7 رنز پر دو وکٹیں تھا۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 45 کے اسکور پر گری جب فخر زمان 17 رنز بنا کر اکشر پٹیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، چوتھی وکٹ 49 پر گری ، کپتان سلمان علی آغا صرف 3 رنز بنا سکے۔

نئے آنے والے بلے باز حسن نواز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 7 گیندوں پر 5 رنز بنا کر کلدیپ یادو کی گیند پر آؤٹ ہوئے، محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی پانچویں اور چھٹی وکٹیں 64 رنز پر گریں، ساتویں وکٹ 83، آٹھویں 97، اور نواں کھلاڑی 111 رنز پر آؤٹ ہوا۔ آخر میں شاہین شاہ آفریدی نے جارحانہ انداز اپنایا اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 33 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 127 تک پہنچایا، صاحبزادہ فرحان 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025، پاک بھارت ٹاکرے میں پلڑا کس کا بھاری؟

بھارت کی بولنگ میں کلدیپ یادو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جسپریت بمراہ اور اکشر پٹیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ہاردک پانڈیا اور ورون چکرورتی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

Scroll to Top