صوابی: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام نے آج صوابی میں کشمیر ارفن ریلیف ٹرسٹ (KORT) کے جدید کمپلیکس کا دورہ کیا اور یتیم بچوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر ارفن ریلیف ٹرسٹ نے یتیم بچوں کو وہ سہولیات فراہم کی ہیں جن کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔ یہ ادارہ ایک سیون اسٹار فلاحی ماڈل بن چکا ہے۔ انہوں نے کار خیر میں حصہ لینے والوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سب لوگ داخلے کے مستحق ہیں اور ان کی محنت قابل تحسین ہے۔
امیر مقام نے شانگلہ میں سیلاب سے شدید زخمی بچے کی مدد کا ذاتی تجربہ بھی بیان کیا اور کہا کہ ایسے نیک کام انسان کو روحانی سکون عطا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور قائداعظم کا یہ فرمان اس رشتے کی بنیاد ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ KORT کا کشمیرکے ساتھ وابستہ ہونا اس کے مقصد اور نظریے کو مزید تقویت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دانش اسکولوں کی طرح ملک کے غریب اور یتیم بچوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم، خوراک اور رہائش فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچے کل کے پاکستان کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
امیر مقام نے 2005 کے زلزلے کی تباہ کاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تباہی کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور اب بحالی کے کاموں کو دیکھ کر قوم کے تعاون کی تعریف کی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ادارہ تب سے خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں یتیم بچوں کی کفالت کے لیے کام کر رہا ہے اور دو دہائیوں سے خدمت انسانیت میں مصروف عمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب میں آج یومِ الوطنی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے
وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر ارفن ریلیف ٹرسٹ نہ صرف بچوں کو خوراک، رہائش اور تعلیم فراہم کر رہا ہے بلکہ ان کی ذہنی، سماجی اور روحانی تربیت کا بھی بھرپور انتظام کرتا ہے۔
انہوں نے بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، اور اس مسئلے کو جنگ کی بجائے بات چیت اور مذاکرات سے حل کیا جانا چاہیے۔
امیر مقام نے کہا کہ پوری دنیا کشمیر کے مسئلے کی اہمیت کو سمجھ چکی ہے اور بھارت اسے دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے ملک کی ترقی کے لیے قائدین کی کوششوں کو سراہا اور عوام کو متحد ہو کر پاکستان کی خدمت کرنے کی ترغیب دی۔
وفاقی وزیر کا صوابی میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کشمیر ارفن ریلیف ٹرسٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور چیئرمین ٹرسٹ کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی۔





