ریاض : سعودی عرب آج ملی جذبے کے ساتھ اپنا 95واں یومِ الوطنی (قومی دن) منا رہا ہے۔
اس قومی موقع پر دارالحکومت ریاض سمیت مملکت کے مختلف شہروں میں سڑکوں، عمارتوں، چوراہوں اور سرکاری دفاتر کو سعودی پرچموں، روشنیوں اور خوبصورت آرائشی اشیاء سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ متعدد ثقافتی و عوامی تقریبات کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔
سعودی قومی دن کے موقع پر مملکت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھی اپنی بھرپور شرکت سے دونوں ملکوں کے درمیان محبت اور بھائی چارے کا اظہار کیا۔
مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے زیراہتمام منعقدہ تقریب میں پرچم کشائی کی گئی، قومی ترانے گائے گئے اور پاکستان سعودی عرب دوستی زندہ باد کے نعرے بلند کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد، ریاض ریجن کے صدر عدنان اقبال بٹ، جی ایم اعوان، جمیل ربانی، فضل رحیم صافی اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی نہیں، بلکہ دلوں کے رشتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خانپور ڈیم میں پانی کی سطح بلند، سپل ویز ہنگامی طور پر کھول دیے گئے
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دفاع، معیشت، مذہب اور ثقافت سمیت ہر شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب مشرق وسطیٰ کی ایک ابھرتی ہوئی معاشی قوت ہے، جبکہ پاکستان ایک مضبوط دفاعی صلاحیت کا حامل ملک ہے۔ دونوں ممالک کی قیادتیں باہمی مفادات کے تحفظ اور علاقائی استحکام کے لیے یکجا ہو کر کام کر رہی ہیں۔
یومِ الوطنی کی مناسبت سے دن بھر مملکت بھر میں سرکاری اور غیر سرکاری تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا، جن میں سعودی شہریوں کے ساتھ غیر ملکی برادریاں بھی بھرپور شرکت کر رہی ہیں۔





