راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو واٹس ایپ ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کر دیا ہے۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران وکلاء صفائی نے آڈیو میں خلل اور بانی کی تصویر واضح نہ ہونے کی شکایت کرتے ہوئے کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔عدالت نے 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی دو درخواستیں فریقین کے دلائل سننے کے بعد خارج کر دی ہیں۔
سماعت کے دوران وکلاء صفائی نے 19 ستمبر کی عدالتی کارروائی اور سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور جیل ٹرائل منتقل کرنے کے حوالے سے ہائی کورٹ کے آرڈرز تک کارروائی روکنے کی درخواست کی۔
وکیل فیصل ملک نے عدالت کو بتایا کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بغیر عدالتی کارروائی میں حصہ نہیں لینا چاہتے۔ عدالت نے وکلاء کو ہدایت کی کہ وہ واٹس ایپ کے ذریعے رابطے کے معاملے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں، تاہم سماعت جاری رہے گی۔
پراسیکیوٹرز نے وکلاء صفائی کی درخواستوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وکلاء عدالت کا وقت ضائع کر رہے ہیں اور ٹرائل سے متعلق کوئی کارروائی روکی نہیں جا سکتی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔





