عدالت کا علی امین گنڈاپور کیخلاف اخبارات میں اشتہارات دینے کا حکم

علی امین گنڈاپور کیخلاف وفاق کے کتنے مقدمات ہیں؟ تفصیلات عدالت میں پیش

پشاور ہائی کورٹ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف وفاق کی طرف سے درج مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کر دی گئیں۔ جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس محمد اعجاز خان کی بنچ کے سامنے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت میں تین ہفتے کی توسیع کر دی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ کو ان مقدمات میں گرفتار نہ کیا جائے اور فریقین سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف وفاق کے 48 مقدمات درج ہیں جبکہ ایف آئی اے کی دو انکوائریاں بھی زیر التواء ہیں۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ چونکہ وہ وزیراعلیٰ ہیں، اس لیے ان کی درخواست نمٹا دی جائے تاکہ بار بار عدالت میں پیش ہونے کی ضرورت نہ پڑے۔

جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ بات خلوص دل سے کہی جانی چاہیے تھی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ اینٹی کرپشن کی رپورٹ ابھی تک عدالت میں پیش نہیں کی گئی۔

عدالت نے وزیراعلیٰ کو پیشی سے استثنا دیا اور ان کے وکیل کو پیش ہونے کی ہدایت کی۔ سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

Scroll to Top