عدالت کا حکم! غیر حاضر پی ٹی آئی رہنما اور کارکن گرفتار کرکے پیش کیے جائیں

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اُن رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے، جو عدالتی طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مختلف احتجاجی مظاہروں سے متعلق مقدمات کی سماعت کی، جن میں تھانہ کوہسار، رمنا، نون اور ترنول میں درج مقدمات شامل ہیں۔

سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما راجا بشارت، واثق قیوم سمیت چند ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کی حاضری لگنے کے بعد سماعت ملتوی کر دی گئی، جبکہ آج کی سماعت سے غیر حاضر رہنے والے ملزمان کو دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے۔

عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر بعض ملزمان کے خلاف وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ عدالت نے تھانہ رمنا کے مقدمات نمبر 154 اور 155 کی سماعت 3 اکتوبر، جبکہ تھانہ کراچی کمپنی کے مقدمہ نمبر 1195 کی سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔ دیگر مقدمات کی اگلی سماعت 29 ستمبر کو ہوگی۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف 26 نومبر، 4 اکتوبر اور فیض آباد دھرنے کے دوران کیے گئے احتجاجات پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

Scroll to Top