مہمند میں بی ایس پروگرام کی بندش ناقابل قبول، آؤٹ سورسنگ بند کی جائے، نثار مہمند

محمد شعیب مہمند
مہمند : ضلع مہمند میں عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے لوئر مہمندتحصیل یکہ غنڈ ڈگری کالج کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں طلباء، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عوام نے بھرپور شرکت کی۔

مظاہرین نے پشاور باجوڑ شاہراہ کو کئی گھنٹوں کے لیے بند کر دیاتھا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مہمند سمیت خیبرپختونخوا کے کالجز سے ختم کیے گئے بی ایس پروگرام کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کا عمل روک دیا جائے، کیونکہ یہ ناقابل قبول ہے۔

سابق ایم پی اے نثار مہمند نے کہا کہ حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ سرپلس ہے، مگر تعلیمی اداروں کو فنڈز فراہم نہیں کیے جا رہے۔ اگر بی ایس پروگرام بحال نہ کیا گیا تو ضلع بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : احتجاجاً کمیٹیوں سے استعفے دیے گئے، اسمبلی سے استعفے کا حکم ابھی زیر التوا، بیرسٹر گوہر

عوامی نیشنل پارٹی ضلع مہمند کے صدر ملک سیف اللہ خان، سابق امیدوار قومی اسمبلی نور اسلام صافی، جماعت اسلامی کے رہنما اسد اللہ، اے این پی ضلعی سیکرٹری اطلاعات گل نواز، اے این پی ضلعی سینئر نائب صدر احسان اللہ اور دیگر نے پی ٹی آئی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ حکومت پختون دشمن ہے جو بچوں سے ان کا تعلیمی اور روزگار کا حق چھین رہی ہے۔

Scroll to Top