راولپنڈی : ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل تان سری حجاج محمد نظام بن حجار نے اپنے سرکاری دورہ پاکستان کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل ساحر شمشاد مرزا سے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی سلامتی کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں افسران نے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے اور باہمی فائدہ مند شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کی ابھرتی ہوئی سلامتی کی حرکیات کے تناظر میں فوجی تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، اور دونوں ممالک اس سمت میں مشترکہ پیش رفت کے لیے پُرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی آئی اے کو برطانیہ سے بڑی کامیابی، مانچسٹر کے لیے پروازوں کی اجازت مل گئی
معزز مہمان جنرل حجاج نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، دہشت گردی کے خلاف طویل جدوجہد میں ان کی کامیابیوں اور علاقائی امن کے قیام میں ان کے مسلسل کردار کو سراہا۔
قبل ازیں جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کو ایک چاق و چوبند سہ فریقی دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔





