ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے میں آج پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ایک اہم مقابلہ کھیلا جائے گا، جہاں جیتنے والی ٹیم ایونٹ کے فائنل میں بھارت کا سامنا کرے گی۔
میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں گرین شرٹس کو فائنل میں رسائی کے لیے بنگلادیش کے خلاف لازمی فتح درکار ہے۔
اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 14 جبکہ بنگلادیش نے صرف 2 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ لائن میں مشکلات کا سامنا ہے، خاص طور پر کپتان سلمان علی آغا اور اوپنر صائم ایوب مکمل فارم میں نظر نہیں آ رہے۔ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے حسن نواز کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’فائنل میں بھارت ہو یا کوئی اور ٹیم، جیت ہماری ہوگی۔‘‘واضح رہے کہ بھارت پہلے ہی بنگلادیش کو شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔
کرکٹ شائقین کی نظریں آج کے میچ پر مرکوز ہیں، کیونکہ اس کا نتیجہ ایشیا کپ کے فائنل کی تصویر واضح کرے گا۔





