ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں بھارت کی بنگلادیش کے خلاف کامیابی کے بعد ایک دلچسپ اور خوشگوار لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے سابق اسپنر اور بنگلہ دیشی ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔
یہ واقعہ میچ کے اختتام پر پیش آیا اور کرکٹ شائقین کے لیے ایک خوش آئند منظر تھا، جو کھیل میں رواداری اور احترام کی مثال قائم کرتا ہے۔
میچ کی بات کی جائے تو بھارت نے بنگلہ دیش کو 41 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 168 رنز اسکور کیے، جس میں ابھیشیک شرما کی 75 رنز کی شاندار اننگز شامل تھی۔ جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم صرف 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جہاں سیف حسن 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
میدان میں سخت مقابلے کے باوجود میچ کے بعد کپتان سوریا کمار اور مشتاق احمد کے درمیان ہونے والا مصافحہ کرکٹ کی اصل روح عزت، احترام اور سپورٹس مین اسپرٹ — کی یاد دلاتا ہے۔





