پاک بھارت میچ میں متنازع گفتگو، ہیرو بننے کی کوشش میں بھارتی کپتان مشکل میں پڑگئے

ایشیا کپ 2025 کے گروپ اسٹیج میں پاکستان کے خلاف فتح کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی جانب سے پریزنٹیشن میں دیے گئے سیاسی اور متنازع ریمارکس نے انہیں مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی شکایت پر آئی سی سی نے باضابطہ نوٹس لے لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پی سی بی کی جانب سے جمع کرائے گئے شواہد کے بعد آئی سی سی نے بھارتی کپتان کے خلاف کارروائی کی سفارش کر دی ہے۔ میچ ریفری رچی رچرڈسن اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں، جنہوں نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کو تحریری ای میل بھی ارسال کی ہے۔

ای میل میں واضح کیا گیا ہے کہ سوریا کمار یادیو نے کھیل کے دائرہ کار سے باہر جا کر سیاسی بیان دیا، جو نہ صرف کرکٹ کی روح کے خلاف ہے بلکہ اس سے کھیل کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ سوریا کمار نے پاکستان کے خلاف جیت کے بعد پریزنٹیشن کے دوران پہلگام واقعے کا ذکر کر کے اسے ٹیم کی جیت سے جوڑا، جس پر پاکستانی حکام نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور اسے کرکٹ میں سیاست گھسیٹنے کی کوشش قرار دیا۔
پی سی بی کی جانب سے اس حوالے سے دو باضابطہ رپورٹس بھی آئی سی سی کو فراہم کی گئی ہیں، اور توقع کی جا رہی ہے کہ جلد اس معاملے پر سماعت ہو گی۔

ماہرین کے مطابق، سوریا کمار کے خلاف کارروائی نہ صرف ان کے کیریئر پر اثر ڈال سکتی ہے بلکہ یہ واقعہ آئی سی سی کی غیر جانبداری اور کھیل کے تقدس کی بھی کسوٹی بن چکا ہے۔

Scroll to Top