بھارتی ہاتھ نہیں ملا رہے لیکن آپ میچ جیتے اور انکے آگے ہاتھ بڑھائیں، یونس خان

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر بردباری کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارتی کھلاڑی ہاتھ نہ ملائیں، تب بھی پاکستانی کھلاڑیوں کو اخلاقی برتری دکھاتے ہوئے آگے بڑھ کر ہاتھ ملانا چاہیے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق یونس خان کا کہنا تھا کہ بھارت کے کھلاڑی اپنی حکومت کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں، لیکن کرکٹ میں اسپورٹس مین اسپرٹ کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا’’سیاست اور کھیل کو الگ ہونا چاہیے، اگر بھارتی کھلاڑی ہاتھ نہ ملائیں تو آپ میچ جیت کر ان کے آگے ہاتھ بڑھائیں۔ یہی اصل جیت ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں آمنے سامنے آتے ہیں تو یہ نہ صرف کرکٹ کے لیے یادگار لمحہ ہوگا بلکہ دونوں ملکوں کے عوام کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہو سکتا ہے۔

یونس خان کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں کرکٹ فینز کا کہنا ہے کہ یہی وہ رویہ ہے جو کرکٹ کو محض ایک کھیل سے بڑھ کر ایک انسان دوست سرگرمی بناتا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ ایشیا کپ میں بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے کا معاملہ زیر بحث رہا ہے، جس پر یونس خان نے اعلیٰ ظرفی اور کرکٹ کی اصل روح کو اجاگر کرنے والا بیان دیا ہے۔

Scroll to Top