پشاور :کوہستان کے اربوں روپے کے مالیاتی اسکینڈل میں گرفتار ٹھیکیدار محمد ایوب کی جانب سے پلی بارگین کی درخواست احتساب عدالت نے کارروائی مکمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب خیبرپختونخوا کو ارسال کر دی ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق محمد ایوب نے باقاعدہ طور پر پلی بارگین کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، جس پر عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد نیب کو قانونی کارروائی کے لیے درخواست بھیج دی گئی ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد ایوب کو کوہستان کے 40 ارب روپے کے مالیاتی کرپشن اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم ایک ٹھیکیدار (کنٹریکٹر) ہے اور اس پر الزام ہے کہ وہ اس میگا اسکینڈل کے مرکزی کرداروں میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قلعہ بالاحصار پشاور میں فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کی فیوچر یوتھ لیڈرز کانفرنس کا انعقاد
اس اسکینڈل میں اب تک متعدد ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں، جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر اہم ملزمان کی گرفتاری اور رقوم کی برآمدگی کے لیے نیب سرگرم ہے۔
دوسری جانب اسی اسکینڈل کے ایک اور مرکزی ملزم قیصر اقبال کی جانب سے بھی پلی بارگین کی درخواست جمع کرائی گئی ہے، جس پر بھی قانونی کارروائی جاری ہے۔





