پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 7 نومبر کو کوئٹہ میں مرکزی جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کا اعلان پارٹی کے صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
داؤد شاہ کاکڑ نے بتایا کہ جلسہ کوئٹہ ہاکی گراؤنڈ میں منعقد کیا جائے گا اور اس کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے عدالتوں سے باقاعدہ اجازت بھی لی جائے گی۔
پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر نے ملک کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا’’ملک اور خصوصاً بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کسی سے پوشیدہ نہیں، ہمارے کارکنوں پر دہشتگردی کے مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں، جو قابل مذمت ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پُرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور کوئٹہ کا جلسہ بھی پرامن اور آئینی دائرے میں ہوگا۔پی ٹی آئی کی جانب سے بلوچستان میں اس جلسے کو مرکزی اہمیت حاصل ہے، اور اسے آئندہ سیاسی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔





