ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک بھرپور آپریشن کیا، جس میں 7 خوارج دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق یہ خوارج دہشت گرد بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے ممبر تھے اور متعدد دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سبطین حیدر شہید ہو گئے، جن کا تعلق کوئٹہ سے تھا۔ میجر سبطین نے بہادری کے ساتھ دستے کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج نے ان کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک کی سلامتی کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں۔ ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں سے قوم کا حوصلہ بلند ہوتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کو مزید تقویت ملتی ہے۔
اب بھی علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گرد عناصر کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔





