نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبرپختونخوا میں اپنی مقبولیت کا قلعہ خود ہی کمزور کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد کھونا کسی بھی سیاسی جماعت کے لیے لمحہ فکریہ ہوتا ہے، اور پی ٹی آئی نے اپنی غلط پالیسیوں کے باعث خیبرپختونخوا جیسے مضبوط گڑھ میں بھی اپنی گرفت ڈھیلی کر دی ہے
اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی ’’نوراکشتی‘‘ اب عوامی سطح پر غیر متعلق ہو چکی ہے، اور اصل مسائل سے توجہ ہٹا کر محض سیاسی بیانات دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں متاثرین کی بحالی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو بری طرح نظر انداز کر رہی ہیں۔
پنجاب میں گندم خریداری پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاشتکار اس پالیسی سے مطمئن نہیں، جس سے دیہی علاقوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
عالمی سطح پر صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارت کے معمول کے جارحانہ اقدامات کا مقابلہ ایک مضبوط اور مستحکم داخلی محاذ سے کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ہر بھارتی چال کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے متحد ہے۔
سندھ میں صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ان واقعات کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے، جسے اس معاملے میں جوابدہ ہونا پڑے گا۔





