نومنتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی حلف برداری کےلیے پشاورہائیکورٹ سے رجوع

پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے نئے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کے لیے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔

پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نئے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو منتخب کیا جا چکا ہے اور اب ان کی حلف برداری کا عمل جلد از جلد مکمل ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گورنر کو صوبے میں موجود ہونا چاہیے تھا تاکہ وہ وزیر اعلیٰ سے حلف لے سکیں، تاہم اگر گورنر دستیاب نہیں تو اس معاملے میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ پارٹی کی طرف سے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کو درخواست دی جا رہی ہے تاکہ آئینی طور پر طے شدہ طریقہ کار کے تحت حلف برداری کا عمل شروع کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: بیوی اور دوبیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد شہری نے خودکشی کرلی

انہوں نے واضح کیا کہ آئین کے تحت اگر گورنر دستیاب نہ ہوں تو چیف جسٹس کو اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی شخص کو حلف لینے کے لیے نامزد کر سکتے ہیں،چیف جسٹس سے درخواست کی گئی ہے کہ یہ معاملہ جلد از جلد حل کریں کیونکہ بغیر حکومت کے صوبہ چلانا ممکن نہیں ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کو ’غیر آئینی‘ قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کا اعلان کیا ہے۔

Scroll to Top