وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے کلیدی اور ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے، انہوں نے صدر ٹرمپ کو ایک بار پھر نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان بھی کیا۔
مصری دارالحکومت قاہرہ میں غزہ میں جنگ بندی کے بعد منعقدہ ایک اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ حقیقت میں امن کے علمبردار ہیں، انہوں نے نہ صرف پاک بھارت کشیدگی میں جنگ کو روکا بلکہ جنوبی ایشیا میں لاکھوں جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن غزہ کے لیے تاریخی ہے کیونکہ مسلسل سفارتی کوششوں، گفت و شنید اور بین الاقوامی رابطوں کے نتیجے میں خطے میں قیام امن ممکن ہو سکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی شاندار قیادت، غیرمتزلزل عزم اور خصوصی توجہ کے بغیر ہم یہ تاریخی لمحہ نہ دیکھ پاتے، ان کی جستجو ہی وہ وجہ بنی جس سے قتل و غارت کا سلسلہ رکا۔”
وزیراعظم نے امیرِ قطر اور دیگر دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے قیامِ امن میں بھرپور تعاون کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک اجتماعی کوشش تھی، اور ہم سب نے مل کر ظلم و بربریت کے خلاف آواز اٹھائی۔
یہ بھی پڑھیں: شرم الشیخ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو فیورٹ قرار دیا
تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلسطینی عوام بہادر اور ثابت قدم ہیں اور ایک آزاد ریاست ان کا حق ہے جس کا دارالحکومت القدس ہونا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ آج کی تقریب نسل کشی کے ایک سیاہ باب کے خاتمے کی علامت ہے اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنائے کہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ایسا ظلم دوبارہ نہ ہو۔





