پنجاب حکومت متحرک!افغان شہری ٹیکس دینگے، غیر قانونی افراد ڈی پورٹ ہونگے

پنجاب حکومت متحرک!افغان شہری ٹیکس دینگے، غیر قانونی افراد ڈی پورٹ ہونگے

پنجاب حکومت نے صوبے میں مقیم افغان شہریوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کا اعلان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کے بعد کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام افغان شہریوں کی معاشی سرگرمیوں کو ٹیکس نظام میں لایا جائے گا، تاکہ منصفانہ مالی نظم و ضبط قائم کیا جا سکے۔ ساتھ ہی یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ غیر قانونی افغان باشندوں کا رئیل ٹائم ڈیٹا تیار کیا جائے گا، جس کی بنیاد پر ان کی نگرانی اور قانونی کارروائی کی جا سکے گی۔

پنجاب حکومت کے اعلامیے کے مطابق، غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف اطلاع دینے کے لیے ایک وسل بلوئر سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس میں شکایت کنندہ کا نام اور شناخت مکمل رازداری میں رکھی جائے گی۔

اس ضمن میں حکومت نے غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں اور ان کے کاروباروں کے خلاف کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق، ایسے تمام افراد کو وفاقی حکومت کی پالیسی کے تحت فوری طور پر ڈی پورٹ کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق، یہ اقدامات صوبے میں سکیورٹی کی بہتری، مالی شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top