جو آئین اور ریاست کو نہیں مانتے، ان سے مذاکرات درست نہیں، گورنر خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وہ ایسے عناصر سے مذاکرات کے حامی نہیں جو ملک کے آئین اور ریاست کو تسلیم نہیں کرتے۔

گورنر فیصل کریم کنڈٰ نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے صوبے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے اور اسی لیے صوبے میں امن و ترقی کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ضروری ہیں۔

گورنر نے کہا جو آئین، ریاست کو نہیں مانتے ان سے مذاکرات نہیں کرنا چاہیے، دہشت گرد مذاکرات نہیں کرنا چاہتے، لہٰذا ریاست کو مضبوط اور واضح حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کے لیے امن ناگزیر ہے اور یہی امن ملک کو آگے بڑھائے گا۔

انہوں نے ڈی پی او اور ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس کو خدمت اور قربانیوں پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا اور کہا کہ پولیس فورس کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ آپریشن کے معاملے پر اتفاقِ رائے ضروری ہے تاکہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اور مستقل لڑائی چلائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: میر علی میں خوارج کا خودکش حملہ ناکام، چار دہشت گرد ہلاک

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے پولیس ٹریننگ سنٹر اور نادرا سنٹر کا دورہ کیا اور دہشت گردانہ حملے سے متاثرہ مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

گورنر کو مقامی پولیس حکام اور ضلعی انتظامیہ نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے اور اس موقع پر کی گئی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

فیصل کریم کنڈی نے پولیس کے بہادری و جرأت بھری کارکردگی کو سراہا اور دہشت گردوں کا مقابلہ کر کے انہیں ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی۔

گورنر نے نادرا سنٹر کی متاثرہ عمارت کا بھی دورہ کیا اور جلائی جانے والی عمارت کا از نزدیک معائنہ کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور نادرا حکام سے مرمت، بحالی اور متاثرین کے تحفظ کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلات دریافت کیں۔

Scroll to Top